اسلام آباد : وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وسطی یورپ سے تجارت میں وسعت کیلئے کوشاں ہیں ، فروری کے اواخر میں کراچی میں مجوزہ ایکسپو پاکستان میں شرکت کیلئے آنے والے ہنگری کے سرمایہ کاروں کے وفد کو پاکستان میں دستیاب مواقع سے آگاہ کیا جائے گا ۔
پاکستان میں متعین ہنگری کے سفیر اسٹون سزبوسے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ہنگری کو پاکستان میں زراعت ، توانائی، انفار میشن ٹیکنالوجی ،ہاؤسنگ اور متبادل ذرائع توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
پاکستان کے تمام سیکٹروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے منافع بخش کاروبار کے مواقع موجود ہیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد 85%پاکستانی مصنوعات پرڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے جس کی بدولت رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں پاکستان سے یورپ کو برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 76.7ارب روپے کا اضافہ ہوا ۔
اس موقع پر ہنگری کے سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس خطے میں سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم کرتا ہے، ہنگری کی متعدد ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں اور ان کا کاروباری وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا ۔