بی بی سی نے بتایا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے دوران 17 برطانوی شہریوں کے مرنے کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں۔
قابض ریاست اسرائیل اور مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہفتے سے جاری جنگ میں شدت آچکی ہے۔ صیہونی فوج غزہ میں آبادیوں پر حملے کررہی ہے جس سے کئی فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
بی بی سی نے اپنی ایک رپوٹ میں بتایا ہے کہ حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کے بعد 17 برطانوی شہریوں کے مرنے یا لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی خاتون کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انھوں نے حماس کے جنگجوؤں کے اچھے رویے کی گواہی دی تھی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ حماس کے جنگجوؤں کو دیکھ کر میں بہت خوفزدہ تھی، تاہم جنگجوؤں نے کہا ڈرو نہیں ہم مسلمان ہیں، تمھیں نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی آبادی پر حملے جاری ہیں۔ شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ حماس کے حملوں میں بھی ایک ہزار قریب اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔