کراچی میں رینجرز اور پولیس اسپیشلائزڈ یونٹ نے ٹینیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے نام پر بھتہ مانگنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کو پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان عبدالرحیم اور فرمان نے ایک تاجر کو 15 لاکھ روپے بھتے کی پرچی دی تھی جس کے ساتھ 500 روپے کا نوٹ بھی نتھی کیا گیا تھا۔ پرچی میں پہلے سلام اور پھر بھتے کی ڈیمانڈ کی گئی تھی ساتھ دھمکی دی گئی تھی کہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں وہ 500 روپے کا کفن خرید لے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے اپنا تعارف مفتی نور ولی کالعدم ٹی ٹی پی کے نام سے کروایا تھا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر آتا ہے اور مذکورہ تاجر کے ملازم کو پرچی تھمانے کے فوری بعد وہاں سے رفوچکر ہو جاتا ہے۔