جمعہ, مئی 10, 2024
اشتہار

پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

جہلم: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، 2020 میں عوام کو بہتر تبدیلی نظر آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں جلالپورایری گیشن کینال منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج میں اس علاقے کو اپنا علاقہ کہتا ہوں، یہاں سے میانوالی تک میرا علاقہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے جہلم ،پنڈدادن خان کی تقدیر بدل جائے گی، منصوبہ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ایسے منصوبے سے لوگوں کی تقدیریں بدلی جاتی ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ میانوالی پہلے ریگستان تھا، نہر آئی اس کے بعد علاقہ بدل گیا، ضلع جہلم میں پینے کے پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، 117 کلو میٹرطویل نہر پونے 2 لاکھ ایکڑ زمین کو زرخیز کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے ایک سال بڑی مشکل میں گزارا ہے، دونوں حکومت نے 10سال میں باریاں کیں، 4 گنا قرضہ بڑھایا، ہم نے جو پہلے سال ٹیکس اکٹھا کیا اس کا آدھا قرضوں کے سود میں چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ پیسہ چوری کرکے باہر بھیجتی رہی، 30 فیصد روپے کی قدر کم ہوئی تو باہر سے آنے والی چیزیں بھی مہنگی ہوگئی، 10 سال میں جو ظلم ہوا قوم کو اس کا خمیازہ مہنگائی کی صورت میں دیکھنا پڑا، اب معیشت سنبھل رہی ہے، باہر سے سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ 2019 میں ہم نے معیشت کو مستحکم کیا، انشا اللہ 2020 ہماری ترقی اور روزگار کی فراہمی کا سال ہوگا، 2020 سال میں ملک ترقی کرے اور خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور اصلاحات کرنا چاہتے ہیں تو راستے میں مافیا کھڑا ہوتا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والا مافیا ہر جگہ ہوتا ہے، مافیا ایف بی آر ، سرکاری محکموں سمیت ہر جگہ پر موجود ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کرپٹ مافیا اخباروں میں بھی بیٹھا ہے، کئی ایسے اخباری صحافی ہیں جو پرانے نظام سے فائدہ اٹھا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے نظام کے تحت ایک کسٹم کلیکٹر ماہانہ 70کروڑ روپے کما رہا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو قوم سے کہا گھبرانا نہیں ہے مشکل وقت سے گزرنا ہوگا، جب اصلاحات کرتے ہیں تو مشکل بھی ہوتی ہے، جب ایک گھر مقروض ہو تو تھوڑی دیر کے لیے مشکل وقت سے گزرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ساڑھے400 وزیر کرپشن پر جیلوں میں ڈالے، امریکا میں 30 سال بعد بھی کرپٹ لوگوں کو پکڑا جاتا ہے، جب تک کرپشن ختم نہیں ہوتی معاشرہ آگے نہیں جاسکتا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کرپشن ختم نہیں ہوتی تو ادارے تباہ اور منی لانڈرنگ ہوتی ہے، ہم کرپٹ لوگوں کے پیچھے ہیں کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، ہم اپنے ملک کو آگے بڑھتے دیکھناچاہتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں