پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے ملتان میں شروع ہو رہا ہے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔
قومی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل ہے اور وہ آخری ٹیسٹ میچ میں ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔
دوسرے ٹیسٹ کی پچ بھی پہلے میچ کی طرح اسپن فرینڈلی ہے۔ اس لیے ذرائع کا کہنا ہے کہ کل سے شروع ہونے والے اس میچ میں پاکستان کے بغیر فاسٹ بولر کے میدان میں اترنے کا امکان ہے اور واحد فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ امام الحق کو موقع دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں پہلے میچ میں کمال دکھانے والے تینوں اسپیلسٹ اسپنرز نعمان علی، ساجد خان اور ابرار احمد ہی بولنگ کا تمام بوجھ سنبھالیں گے جب کہ ان کی مدد کے لیے آل راؤنڈر سلمان علی آغاز بھی موجود ہوں گے۔
ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے میچ کیلیے پچ تبدیل کردی گئی ہے لیکن حکمت عملی نہیں بدلی گئی ہے۔ بڑے پنکھے اور ہیٹرز لگا کر اسپن ٹریک تیار کیا گیا ہے جب کہ کھلاڑیوں نے تین روز کے دوران بھرپور پریکٹس کی ہے۔
ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ سیریز دو صفر سے جیتنا چاہتے ہیں تاکہ ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری آسکے۔ یہ میزبان ٹیم کا حق ہے اسلیے پچ پر ہونے والی تنقید پر سنجیدگی نہیں دکھائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پہلا ٹیسٹ میچ صرف ڈھائی دن میں ہی ختم ہو گیا تھا پاکستان کی جانب سے ویسٹ انڈیز کی تمام 20 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کی تھیں جو ایک ریکارڈ بھی ہے۔
اسپن فرینڈلی پچ پر سابق کرکٹرز کی جانب سے سخت تنقید بھی کی جا رہی ہے تاہم ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے انہیں اس کا جواب دے دیا ہے۔