راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے پشین میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک زخمی ہوا جسے گرفتار کر لیا گیا، گرفتار دہشتگرد افغان شہری ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا، فورسز بلوچستان میں امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلیے پُرعزم ہیں۔
فروری میں سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران مطلوب دہشتگرد کو ہلاک کیا تھا جس کی شناخت داعش کے عبدالشکور عرف نعمان عرف ابو حمزہ خراسانی کے نام سے ہوئی تھی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ دہشتگرد قلعہ سیف اللہ اور پشین کے دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ تھا، ہلاک دہشتگرد بلوچستان میں خودکش دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔