کراچی : شہر قائد میں آدھے گھنٹے کے اندر شفیق موڑ اور پٹیل پاڑہ میں فائرنگ کے تین واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا،اہلسنت والجماعت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شفیق موڑ میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد ہمارے کارکنان تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں قدرے سکون اور امن و امان کے بعد آج بعد نماز جمعہ آدھے گھنٹے کے اندر اندر دو مختلف واقعات اور بعدازاں تیسرے واقع میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مجموعی طور پر 6 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا، مقتولین اور زخمی شخص کی شناخت نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ پٹیل پاڑہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ دوسرے فرد کو طبی امداد دی گئی۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ نارتھ کراچی کے علاقے شفیق موڑ میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے تین افراد شدید زخمی ہو گئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی اسپتال لے جایا گیا تا ہم تینوں زخمی افراد جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے دونوں مقامات کا دورہ کر کے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں تا ہم اب تک مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی یہ قتل کی وجوہات کا علم ہو سکا ہے۔
بعد ازاں جماعت اہلسنت والجماعت کے ترجمان نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شفیق موڑ پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تینوں افراد ہمارے کارکن تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کراچی میں دو علیحدہ علیحدہ واقعات میں 5 افراد کی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔