اسلام آباد: فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل ہونے کا معاملہ ایوانِ بالا پہنچ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدرات سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں وقفہ سوالات کے دوران پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت سےمتعلق سوال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے اس سوال کا جواب دینے کے لیے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا کو مخاطب کیا مگر وہ اجلاس میں موجود نہیں تھیں، جس پر صادق سنجرانی شدید برہم ہوئے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام وزیر وقت پر ایوان آکر اجلاس میں شرکت کیا کریں، جب تک متعلقہ وزیر نہ آجائیں دیگر سوالات لیتے ہیں۔
وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اجلاس میں پہنچیں، جنہیں دیکھ کر اسپیکر نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی کا سوال دہرایا اور وفاقی وزیر کو جواب دینے کا موقع فراہم کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان فٹبال فیڈریشن پرعائد پابندی میں توثیق
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے فیفا کی جانب سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کرنے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ ’شخصیات اپنی ذات اور انا کی خاطر پاکستان کونقصان پہنچاتی ہیں ،ایسی شخصیات اداروں سے بڑی ہوتی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ 2011 سے سیاسی شخصیات فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ ہیں، جن کی وجہ سے فٹبال فیڈریشن میں دو ، تین دھڑے بن گئے ہیں، ان گروپوں کے اندرونی اختلافات کی وجہ سے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوتی ہے، کھیلوں کے حوالے سے آخری پالیسی 2005 میں آئی، اُس کے بعد کوئی ترمیم کرنے کی اجازت دی گئی اور نہ پالیسی لائی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ’پاکستان فٹبال فیڈریشن کو سب سے زیادہ نقصان سیاست دانوں نے پہنچایا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطلی، قصور وار کون؟ سابق کپتان نے خاموشی توڑ دی
اُن کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے شفاف انتخابات کے لئے فریقین سے مذاکرات کررہے ہیں، فٹ بال فیڈریشن کےمسائل حل کرنے کے لیے سینیٹ میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔