اسلام آباد: عالمی بینک نے کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے پاکستان کو 15 کروڑ ڈالرز دینے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین سے عالمی بینک کےریجنل نائب صدر کی اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ورلڈ بینک کے ملکی ڈائریکٹر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیرخزانہ نے ورلڈ بینک کی جانب سے ترقی پذیرممالک کیلئے کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے12ارب ڈالرز کے مختص کردہ فنڈ کی تعریف کرتے ہوئے اس اقداما کو سراہا۔ ورلڈ بینک کےمجوزہ12ارب ڈالرسے 1 ارب افرادکیلئےکروناویکسین خریدی جائےگی، یہ فنڈ پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کو دیا جائے گا۔
وزیرخزانہ نے پاکستان میں گورننس،سروس ڈلیوری کیلئے ورلڈ بینک کے تعاون پر اظہارتشکر کیا۔ عالمی بینک کے ریجنل نائب صدر نے کرونا سے نمٹنےکیلئے پاکستان کی کاوشوں اور اقدامات کی تعریف کی۔
ورلڈ بینک کے نائب صدر نے اعلان کیا کہ عالمی بینک ویکسین خریداری کیلئے پاکستان کو 150ملین ڈالرز کی رقم فراہم کرےگا۔
عالمی بینک کے حکام نے کلین اینڈگرین انرجی منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی پیش کش کی جبکہ ڈیجیٹل اکنامی آپریشن کیلئے اپنی آئی ٹی ٹیم کی گائیڈنس فراہمی پر رضامندی کا اظہار بھی کیا۔