کراچی میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں پولیس کی جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جارہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر پولیس اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اس دوران قیدیوں کی وین جلا دی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نمائش چورنگی اور اس کے اطراف میں ایمبولینس بھی پھنسی ہوئی ہیں اور شہریوں کو گھروں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نمائش چورنگی اور شاہراہ قائدین کے اطراف وقفے قفے سے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے کارکنان پر براہ راست فائرنگ کی جارہی ہے اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ کارکنان پر امن احتجاج کرنے کے لیے پہنچے ہیں۔
کراچی میدان جنگ بن گیا، پولیس شیلنگ سے متعدد پی ٹی آئی کارکن زخمی
علی زیدی کا کہنا ہے کہ مظاہرین میں بچے بھی شامل ہیں، پولیس کی جانب سے بے دریغ آنسو گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں کئی کارکنان زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف اضلاع سے اب تک 200 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے زیر حراست افراد کو دو روز کے دوران پکڑا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شاہراہ قائدین پر ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں کئی کارکنان زخمی ہوگئے تھے۔