راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں میں 7 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان مڈی میں آپریشن کے دوران 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی کیے، ہلاک دہشتگردوں میں رحمت نامی شر پسند بھی شامل ہے۔
دوسرا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن شمالی وزیر ستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا جہاں 4 خوارج ہلاک اور 3 زخمی ہوئے، علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی تلاش کیلیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں نائب افغان گورنر کا بیٹا دہشتگردوں کیساتھ مارا گیا
7 فروری 2025 کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔ ضلع دتہ خیل میں خفیہ کارروائی کے دوران دہشتگرد برقعے میں فرار ہوتے ہوئے ہلاک ہوئے تھے۔
ہلاک خوارج متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے، انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب کیا گیا تھا۔
علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن جاری رہا۔
اس سے ایک روز قبل سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 12 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں لانس نائیک محمد ابراہیم شہید ہوگیا، 34 سالہ شہید کا تعلق ہنگو سے تھا۔
ہلاک خارجی دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا۔ دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
علاقے کو دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں سے پاک کرنے کیلیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا تھا۔