بدھ, جولائی 2, 2025
ہوم بلاگ

کراچی : باپ کے ہاتھوں نوجوان بیٹے کا سفاکانہ قتل

0
بیٹے کا قتل

کراچی : اورنگی ٹاؤن میں باپ نے نوجوان بیٹے کو قتل کردیا، ملزم نے گرفتاری کے بعد دوران تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے جسے کسی اور بے نہیں اسی کے باپ نے جان سے مار ڈالا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران باپ نے بیٹے کو پہلے کرنٹ لگایا اس کے بعد بیلچے کے وار سے30سالہ بیٹے کو قتل کیا۔

ملزم عبدالغفار نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کا بیٹا نامناسب سرگرمیوں میں ملوث تھا، لاکھ سمجھانے کے باوجود حرکتوں سے باز نہیں آتا تھا۔

اورنگی ٹاؤن پولیس کے مطابق ملزم کوگرفتار کرکے قتل میں استعمال ہونے والا بیلچہ برآمد کرلیا گیا ہے، مقتول بیٹے کی لاش پوسٹ مارٹم کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔

تجارتی ڈیڈ لائن کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

0
ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ 9 جولائی کی تجارتی ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کریں گے، انہوں نے جاپان سے تجارتی معاہدے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔

یہ بات انہوں نے فلوریڈا کے دورے سے واپسی پر ایئر فورس ون (صدر کے خصوصی طیارے) میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے طے کرنے کے لیے دی گئی 9 جولائی کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جاپان سے معاملات کیے ہیں لیکن میرا نہیں خیال کہ ہم کوئی معاہدہ کر سکیں گے یا جاپان سے شاید ہی کوئی ڈیل ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان سے درآمدات پر ٹیرف 30 یا 35 فیصد یا کچھ بھی ہوسکتا ہے، یا جو بھی مناسب شرح ہم طے کریں، اس کے مطابق ٹیرف عائد کر سکتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ڈیل کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا نے کئی ممالک سے کہا ہے کہ اگر وہ 9 جولائی تک تجارت کے حوالے سے امریکا کے ساتھ معاہدے نہیں کرتے، تو ان کی مصنوعات پر اضافی ٹیکس (ٹیرف) لگا دیا جائے گا۔

امریکی صدر ایلون مسک کی ملک بدری پر سوچنے لگے

0
ایلون مسک

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سابق اتحادی اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو امریکا سے ملک بدر کرنے پر غور کرنے لگے۔

فلوریڈا روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے ایلون مسک کی ٹیکس بل کی مخالفت کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ کیا انہیں ڈی پورٹ کریں گے تو ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس پرغور کرنا پڑے گا۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ ایلون مسک الیکٹرک وہیکل ٹیکس کریڈٹ ختم ہونے سے پریشان ہیں جو ان کی کمپنی ٹیسلا کے لیے بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایلون مسک ای وی مینڈیٹ کھورہا ہے، ہرکوئی الیکٹرک کاریں نہیں چاہتا۔ میں بھی الیکٹرک کار نہیں چاہتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایلون مزید اور بھی بہت کچھ کھو سکتا ہے۔”

اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو آرہے ہیں ان سے ایران اور غزہ کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ غزہ میں آئندہ ہفتے جنگ بندی کی امید ہے کوشش ہے کہ 7جولائی سے پہلے غزہ میں سیزفائر ہو جائے، امید کرتے ہیں جنگ بندی ہو گی اور کوشش ہے آئندہ ہفتے تک ہو جائے۔

دوسری جانب ایلون مسک نے ٹرمپ کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ایکس پر کہا کہ وہ اس تنازع کو مزید بڑھانے سے گریز کریں گے لیکن انہوں نے بل کو "دیوالیہ کرنے والا” قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مخالفت جاری رکھی۔

مسک نے یہ بھی دھمکی دی کہ اگر یہ بل پاس ہوا تو وہ "امریکا پارٹی” کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنائیں گے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ کا بیان ایسے وقت میں آیا جب نیتن یاہو کی وائٹ ہاؤس آمد 7 جولائی کو متوقع ہے۔ سیز فائر کی امیدوں کے باوجود فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی بمباری میں شدت برقرار ہے اور روزانہ درجنوں نہتے فلسطینیوں کو وحشیانہ حملوں میں شہید کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی پیدائش جنوبی افریقا کی ہے، ایلون مسک ری پبلکن ٹیکس بل کے کھلے عام مخالف ہیں، ری پبلکن ٹیکس بل کی بدولت الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری پرکنزیومر کریڈٹ ختم ہوجائے گا۔

 

کراچی ائیرپورٹ کا رن وے بند کرنے کا اعلان

0
کراچی ائیرپورٹ

کراچی ائیرپورٹ کا رن وے کچھ دیر کے لیے جزوی طور پر بند رہے گا، رن وے پر طیاروں کے ٹائروں کے ربڑ کے ذرات ہٹانے کا کام کیا جائے گا۔

کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق کراچی ائیرپورٹ کا رن وے آج 2جولائی کو ایک گھنٹے کیلئے بند رہے گا۔

karachi airport

جاری کیے جانے والے نوٹم میں کہا گیا ہے کہ طیاروں کے ٹائروں کی ربڑ کی باقیات ہٹانے کیلئے رن وے صبح7سے8 بجے تک بند رہے گا۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی رن وے سے طیاروں کے ٹائروں کی باقیات ہٹانے کا کام کرے گی، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے نوٹم جاری کرکے تمام ایئر لائنز کو آگاہ کردیا ہے۔

تاجروں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے 2 پولیس اہلکار ساتھیوں سمیت گرفتار

0
پولیس اہلکار

کراچی : حساس ادارے اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے لوٹ مار کی بڑی وارداتوں میں ملوث 2پولیس اہلکار سمیت 5 ملزمان کو  گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو لوٹ مار کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

پولیس اہلکاروں نے مویشی منڈی کے تاجروں سے 5 کروڑ روپے سے زائد کی لوٹ مار کی، ملزمان پرائیویٹ گاڑی پر پولیس کی لائٹ لگا کر مویشیوں سے بھری گاڑیاں روکتے تھے۔

ملزمان نے عیدالاضحی پر گڈاپ، سچل اور سائٹ سپرہائی وے میں متعدد وارداتیں کیں، ان کیخلاف تینوں تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں، گرفتارملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے 30 اپریل کو سپر ہائی وے پر گاڑی میں سوار 20 بیوپاریوں کو لوٹا، تمام بیوپاری مویشیوں کی خریداری کیلئے میرپور خاص جارہے تھے۔

واردات میں ڈبل کیبن گاڑی استعمال کی گئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کاگروہ 10 افراد پر مشتمل ہے، 2اہلکاروں سمیت 5مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان نے سچل کے علاقے میں بھی گاڑی کی تلاشی کے بہانے ڈکیتی کی واردات کی تھی۔

بجلی کا بل ٹھیک کروانے آئی خاتون کو گارڈ نے گھسیٹ کر باہر نکال دیا

0

شیخورہ میں بجلی کا بل ٹھیک کروانے آنے والی خاتون کو سیکیورٹی گارڈ نے گھسیٹ کر باہر نکال دیا، سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

واپڈا کمپلیکس شیخوپورہ میں بزرگ خاتون سے انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں بجلی کا بل ٹھیک کروانے آئی خاتون سے سیکیورٹی گارڈ نے ناروا سلوک کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بزرگ خاتون سیکیورٹی گارڈ کی منت سماجت کرتی رہی اور سیکیورٹی گارڈ نے بزرگ خاتون کو گھسیٹ کر گیٹ سے باہر نکال دیا۔

بزرگ خاتون سے سیکیورٹی گارڈ کی بدسلوکی کے واقعے پر ایس سی او واپڈا نے نوٹس لیا اور انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

ایس سی او واپڈا کا کہنا ہے کہ کسی کے ساتھ ناروا سلوک قبول نہیں ہے۔ ڈی پی او کے نوٹس پر سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی زیر گردش ہے اور لوگوں کی جانب سے غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

یورپ ہیٹ ویو کی لپیٹ میں، صحت کے الرٹس جاری، فصلوں کو آگ لگنے کا خطرہ

0

یورپ ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آگیا، صحت کے الرٹس جاری کردیے گئے ہیں اور فصلوں کو آگ لگنے کا خطرہ ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانس میں پیر کو جون کا سب سے گرم دن ریکارڈ کیا گیا، فرانس کے 16 علاقوں میں ہیٹ ویو الرٹ کی بلند ترین سطح نافذ کردی گئی۔

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ ایفل ٹاور کی بالائی منزل بھی آج اور کل بند رہے گی، بالبرک سی میں سمندر کا درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری زیادہ، 30 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔

گرم ہوا یورپ میں آچکی ہے اور اسپین، پرتگال سے شمالی یورپ کی طرف بڑھ رہی ہے، یورپی کسان شدید گرمی کے باعث رات کو فصلیں کاٹنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

فرانس کے وسطی علاقے اندر میں دوپہر دو سے شام 6 بجے تک کھیتوں میں کام پر پابندی ہے، نیدرلینڈز کے کئی علاقوں میں بھی دوسرا بلند ترین ہیٹ الرٹ جاری کردیا گیا۔

ایمسٹرڈیم میں بے گھر افراد کے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، پورے یورپ میں صحت کے الرٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

فوسل فیولز، جنگلات کی کٹائی اور صنعتی سرگرمیاں ماحولیاتی تبدیلی کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا ہے، گزشتہ سال زمین کا سب سے زیادہ گرم سال ریکارڈ کیا گیا تھا۔

قطر نے غزہ جنگ بندی کی نئی تجویز دیدی

0
اسرائیل نسل کشی

قطر کی جانب سے اسرائیل کو 60 روزہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر کی تجویز میں غزہ میں 60 دن کی جنگ بندی شامل ہے تجویز میں پہلے روز 8 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی شق شامل ہے۔

جنگ بندی کے 50ویں روز مزید 2 زندہ یرغمالیوں کی رہائی کی تجویز دی گئی ہے۔

رپورٹ پر قطری حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ مجوزہ فریم ورک مشرق وسطیٰ کے امریکی ایلچی سٹیو وٹ کوف کے پیش کردہ پہلے منصوبے سے مشابہت رکھتا ہے۔

KAN میڈیا آؤٹ لیٹ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات سے واقف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اہم اختلافات باقی ہیں، خاص طور پر جنگ کے خاتمے کے حالات اور غزہ سے اسرائیلی انخلاء کی حد کے بارے میں اختلافات ہیں۔

منگل کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آنے والے دنوں میں غزہ معاہدے کے بارے میں امید ظاہر کی ہے۔

فلوریڈا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ غزہ میں آئندہ ہفتے جنگ بندی کی امید ہے کوشش ہے کہ 7جولائی سے پہلے غزہ میں سیزفائر ہو جائے، امید کرتے ہیں جنگ بندی ہو گی اور کوشش ہے آئندہ ہفتے تک ہو جائے۔

ٹرمپ کا بیان ایسے وقت میں آیا جب نیتن یاہو کی وائٹ ہاؤس آمد 7 جولائی کو متوقع ہے۔ سیز فائر کی امیدوں کے باوجود فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی بمباری میں شدت برقرار ہے اور روزانہ درجنوں نہتے فلسطینیوں کو وحشیانہ حملوں میں شہید کیا جارہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آئندہ ہفتے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق اہم پیشرفت کے منتظر ہیں ہم غزہ سے یرغمالیوں کو نکالنا چاہتے ہیں، نیتن یاہو جلد واشنگٹن پہنچ رہا ہے نیتن یاہو سے غزہ میں ایک عظیم کامیابی پربات کرنےجا رہے ہیں۔

پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن تواتر سے جاری

0
پی آئی اے

کراچی : پاکستان ائیر لائن (پی آئی اے) کا بعد از حج آپریشن تواتر سے جاری ہے، اب تک 24 ہزار حجاج کرام کو پاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بعد از حج آپریشن کےدوران 109کے لگ بھگ پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں، اب تک 24 ہزارحجاج کرام کوپاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔

پی آئی اے کا بعد حج آپریشن 10جولائی کو اختتام پذیر ہوگا، آپریشن کے دوران 109کے لگ بھگ پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔

پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعد ازحج آپریشن کے تحت کل 42 ہزار حجاج کرام پاکستان پہنچیں گے۔

بعد از حج آپریشن کے لیے قومی ائیر لائن کے فضائی بیڑے میں شامل بوئنگ 777اور ائیر بس 320ساختہ طیارے استعمال کیے جارہے ہیں۔

سعودی ادارہ شماریات کے مطابق دنیا بھر سے آئے 16 لاکھ 73 ہزار 230 عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی۔

ان میں سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج کرام 171 مختلف ممالک سے آئے، جب کہ سعودی عرب کے اندر سے ایک لاکھ 66 ہزار 654 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔

حجاج کرام میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد اور 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین شامل تھیں، جسے تاریخ کا ایک متوازن تناسب قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈرامہ سیریل ’پل دو پل‘ کا دوسرا ٹیزر جاری

0

اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’پل دو پل‘ کا دوسرا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

ڈرامہ سیریل ’پل دو پل‘ میں اداکار سلمان سعید، شرمین علی، اریج چوہدری، طوبیٰ انور، جنید نیازی ودیگر اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

پل دو پل کی ہدایت کاری کے فرائض سید علی بخاری نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی سیما شیخ نے لکھی ہے۔

ٹیزر میں سلمان سعید اور شرمین علی میاں، بیوی کے روپ میں جلوہ گر ہیں ان کی دو بیٹیاں ہیں جبکہ طوبیٰ انور اور جنید نیازی کی جوڑی ساتھ بنائی گئی ہے۔

پل دو پل کے ٹیزر کو دیکھ کر انداز ہورہا ہے کہ اریج چوہدری منفی کردار نبھائیں گی۔

سلمان سعید کہتے ہیں کہ تمہیں آج بھی دیکھتا ہوں تو سکون ملتا ہے، تم میری دنیا کی حسین حقیقت ہو، شرمین علی کہتی ہیں کہ اور تم وہ خواب جسے میں ہر صبح آنکھ کھول کر جینا چاہتی ہوں۔‘

اسی اثنا میں اریج چوہدری آتی ہیں اور کہتی ہیں کہ آجائیں، آپ دونوں کا ہی انتظار ہورہا ہے۔

ٹیزر کے آخر میں شرمین علی روتے ہوئے کہتی ہیں کہ سچ کو جتنا بھی چھپاؤ وہ فریم سے نکل کر سامنے آہی جاتا ہے۔

واضح رہے کہ شرمین علی ان دنوں ڈرامہ سیریل ’دستک‘ میں معاون اداکارہ کا کردار ادا کررہی ہیں، جبکہ جنید نیازی اور طوبیٰ انور نے ’بے بی باجی کی بہوئیں‘ میں ساتھ کردار نبھایا تھا۔