دبئی : خام تیل کی قیمتوں میں کمی خلیجی ممالک کے حصص بازار گیارہ سال کی کم ترین سطح پر آگئے، کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھی تینتیس ہزار پوائینٹس کی سطح برقرار نہ رکھ سکی.
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت چھتیس ڈالر سے بھی کم ہوگئی، ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں ساڑھے چار فیصد کمی کے بعد پینتس ڈالر پچاس سینٹس ہوگئی۔ خام تیل کی گرتی ہوئی قیمت خلیجی اسٹاک مارکیٹس کو بھی اپنے ساتھ لے ڈوبی۔
دبئی اسٹاک مارکیٹ میں دو فیصد کی کمی ہوئی، ابو ظہبی اسٹاک مارکیٹ ڈھائی فیصد جبکہ سعودی اسٹاک مارکیٹ دو اعشاریہ سات فیصدگر گئی ۔
اسٹاک مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے احتیاطی حکمت عملی کے باعث اسٹاک مارکیٹس مندی کا شکار ہیں ۔
خلیجی ممالک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کراچی اسٹاک مارکیٹ بھی مندی کی لپیٹ میں آگئی، ٹریڈنگ کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ تینتس ہزار پوائنٹس کی سطح برقرار نہ رکھ سکی.