قاہرہ: وفاقی وزیر غلام مرتضٰی جتوئی کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
قاہرہ میں ترقی پذیر اسلامی ممالک کی تنظیم ڈی 8 کے صنعتی وزرا کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے صنعت اور پیداوار غلام مرتضٰی جتوئی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف خطے کے لیے مواصلاتی رابطہ فراہم کرے گی بلکہ ترقی پذیر مسلم ممالک کے لیے بھی فائدے کا باعث بنے گی۔ ڈی 8 ممالک اقتصادی راہداری کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھا کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اقتصادی راہداری پاکستان ایران، بنگلہ دیش سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے تنظیم کو مؤثر اور فعال بنانے کے لیے اقدامات کرنے سمیت باہمی تجارت کو 500 ارب ڈالر تک پہنچانے اور نجی شعبہ کے مابین 2 طرفہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔