اسلام آباد : مہاجرین کے عالمی ادارے یو این ایچ سی آر نے پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو وطن واپسی کی ترغیب دینے کیلئے پرکشش مراعات دینے کا اعلان کردیا ہے۔
مہاجرین کے عالمی ادارہ یو این ایچ سی آر نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین جو رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جانے کے خواہاں ہو، انہیں اضافی تین سو پچاس ڈالر دینے کا اعلان کردیا ہے۔
مہاجرین اضافی رقم افغانستان میں قائم یو این ایچ سی آر کے مراکز سے لے سکتے ہیں۔
یواین ایچ سی آر کے مطابق اضافی تین سوپچاس ڈالر کے علاوہ دیگر مراعات بھی بدستور دی جائینگی، پاکستان میں مقیم تیس لاکھ سے زائد خاندان یواین ایچ سی کے اس پرکشش مراعاتی پیکج سے مستفید ہونگے۔
واضح رہے کہ وزارتِ داخلہ نے افغان مہاجرین کی واپسی کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع کی ہے۔
تاہم خیبر پختنوخواہ کی حکومت نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے افغان مہاجرین کی فوری واپسی کیلئے موثر اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔