کراچی: پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ توانائی کے نئے منصوبوں کے ساتھ جاری منصوبوں کی اپ گریڈیشن بھی ضروری ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین دنیا کی پندرہ فیصد توانائی استعمال اورپیداوار کیلئے جاپان سے دگنی بجلی خرچ کر رہا ہے ، اس لئے انکی قیادت نے 2035 تک اپنے نظام کو مستعد بنانے کیلئے ڈیڑھ کھرب ڈالر سے زیادہ خرچ کر نے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان میں اسے مسلسل نظر انداز کیا جا رہاہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ نجی و سرکاری بجلی گھر بڑی تعداد میں گیس ضائع کرتے ہیں جس پر قابو پایا جائے تو نہ صرف بجلی سستی ہو جائے گی بلکہ ملک میں توانائی کا منظر نامہ بدل جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے نظام کو مستعد بنانے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی، لاکھوں لیٹر پٹرول و ڈیزل اور کم از کم چالیس فیصد قدرتی گیس بچائی جا سکتی ہے ، جس سے بجلی سستی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔