کراچی : گورنر اسٹیٹ بینک محمود اشرف وتھرا نے کہا ہے کہ بینکوں کے قرضوں پر شرح سود کے حوالے سے عوام جلد اچھی خبر سنیں گے۔
وہ کمرشل بینکوں کے صدور کے ساتھ ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے انہوں نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ مستقبل میں بینکوں کےقرضوں پر شرح سود کم ہوگی۔
گورنر اسٹیٹ بینک محمود اشرف وتھرا کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے نیا قرض پروگرام نہیں لیا ہے اور آرٹیکل فور کےتحت آئی ایم ایف معیشت کا سالانہ جائزہ لیا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ بعض درآمدات پرسو فیصد کیش ایل سی مارجن کی شرط کو سُودمند قراردیا اُور اس تاثرکی نفی کی کہ اس سے اسمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ بینک حکام کوگرفتار کرنے کے حوالے سے کوئی باقاعدہ ایس اُو پی نہیں ہے بلکہ 20 سال سے ایک انڈر اسٹینڈنگ ہے جس کو فالو کیا جاتا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ بینکوں کو قرضوں پر شرح سود کم کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر تمام بینکوں کے صدور نے رضامندی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد قوی امید ہے کہ مستقبل میں بینکاری قرضوں پر شرح سودکم ہوگی۔