قاہرہ : مفتی اعظم دیار مصر ڈاکٹر شوقی عالم نے رقوم کی منتقلی کے لیے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن میں لین دین کو شرعاً حرام قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مفتی اعظم دیار مصر ڈاکٹر شوقی عالم نے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کے خلاف فتوے میں کہا کہ مسلمانوں کو خریدوفروخت کے لیے بٹ کوائن کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔
مفتی اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال سے فراڈ اور دھوکہ دہی کا خطرہ ہے اور اس کے تیزی سے اتارچڑھاؤ سے افراد اور اقوام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بٹ کوائن کے خلاف یہ فتوی جانے کرنے سے پہلےمعاشی ماہرین سے بھی مدد لی تھی۔
مفتی اعظم نے کہا ورچوئل یونٹس ٹھوس اثاثوں کی بنیاد پر نہیں ہوتے اور نہ ہی کوئی اتھارٹی یا نگران ادارہ ورچوئل کرنسی کی مانیٹرنگ کا پابند یا جواب دہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا اس کا لین دین انٹرنیٹ کے ذریعے کیا جاتا ہے جس پر کسی کا کوئی کنٹرول ہوتا ہے اور نہ کسی قسم کی مانیٹرنگ کی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ڈیجیٹل اور ورچوئل کرنسی بٹ کوائن سے شکاگو کی سی بی او ای فیوچرز ایکسچینج میں پہلی بار خریدو فروخت کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
واضح رہے کہ بٹ کوائن عام کرنسی کا متبادل ہے جوکہ اکثر آن لائن استعمال ہوتا ہے اس کی اشاعت نہیں ہوتی اور یہ بینکوں میں نہیں چلتا۔