کراچی: اے آر وائی فلمز کے بینر تلے آزادی کشمیر پر بنائی جانے والی فلم ’آزادی‘ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فلم ’آزادی‘ کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو اپنا سب کچھ آزادی کشمیر کے لیے قربان کردیتا ہے اور اس کے نظریے سے متاثر نوجوان اس کے مشن کو آگے لے کر بڑھتے ہیں۔
فلم ’آزادی‘ میں معمر رانا اور ندیم بیگ کو کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ سونیا حسین پاکستانی نژاد برطانوی صحافی کا کردار ادا کررہی ہیں جو معمر رانا (آزاد) کا انٹرویو کرنے کے لیے آتی ہیں۔
فلم کی ہدایت کاری کے فرائض عمران ملک نے انجام دئیے ہیں جبکہ فلم میں معمر رانا، سونیا حسین نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، دیگر اداکاروں میں ندیم بیگ، جاوید شیخ، مریم انصاری، علی فتح، ارم اور بلال شامل ہیں۔
فلم کا میوزک ساحر علی بھگا نے ترتیب دیا ہے جبکہ فلم میں راحت فتح علی خان، شفقت امانت علی، قرۃ العین بلوچ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، فلم کی شوٹنگ آزاد کشمیر اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کی گئی ہے۔
ہدایت کار عمران ملک کا کہنا ہے کہ فلم میں حب الوطنی، ایک طاقتور محبت کی کہانی اور ایکشن مناظر شامل ہیں، یہ ایک ایسی فلم ہے جو اس سے قبل کبھی پاکستانی سنیما کی زینت نہیں بنی۔
The theatrical trailer of the film #azaadi is all set to release today with the release !!! #aryfilms #pervezmalikfilms #madeinpakistan pic.twitter.com/kK7zC3ryx6
— ARY Films (@aryfilmsary) March 27, 2018
اداکارہ سونیا حسین نے کہا ہے کہ فلم میں خواتین کے حوالے سے بھی مضبوط پیغام دیا گیا ہے اور میرا فلمی نام ’زارا‘ ہے، جو ایک خود مختار صحافی ہے، فلم رواں سال بڑے پردے کی زینت بنے گی۔
واضح رہے کہ اداکارہ سونیا حسین حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹیل پر نشر ہونے والے ڈرامے ’ایسی ہے تنہائی‘ میں اداکار سمیع خان کے ہمراہ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔