ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلیوں کو اپنی سرزمین کا حق حاصل ہے، استحکام کے لئے امن معاہدے کو یقینی بنانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ تمام لوگوں کوحق حاصل ہے کہ وہ ایک پرامن ریاست میں رہیں، فلسطینوں اوراسرائیلیوں کواپنی اپنی زمین کا حق حاصل ہے تاہم معمول کے تعلقات اوراستحکام کے لئے امن معاہدے کویقینی بنانا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یروشلم میں مسجد القدس محفوظ ہوتو انہیں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ رہنے پر کوئی مذہبی اعتراض نہیں۔
#Israelis have got the right to have their own land. #SaudiPrince #Mohammed_Bin_Salman pic.twitter.com/nMKSQn0Rwv
— ARY Videos (@ARYVideos) April 3, 2018
سعودی ولی عہد کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور فلسطین کے درمیان فی الحال کوئی سفارتی تعلقات مضبوط نہیں لیکن گزشتہ چند برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، ہماری ترجیحات مشترکہ ہیں جیسا کہ دونوں ممالک ایران کو دشمن اور امریکہ کو اہم اتحادی سمجھتے ہیں۔
خیال رہے کہ 2002 میں سعودی حکومت نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرنا شروع کی تھی تاہم شہزادہ محمد بن سلمان پہلے رہنما ہیں، جنہوں اسرائیلیوں کے اپنی سرزمین کا حق تسلیم کیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی فوج کی شام میں موجودگی بہت ضروری ہے، سعودی ولی عہد
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکی فوج کی شام میں موجودگی بہت ضروری ہے، امریکی فوج کو شام میں طویل مدت کے لیے نہیں تو مختصر مدت کے لیے ضرور رہنا چاہئے، اس سے ایران کو خطے میں اپنا اثر و رسوخ پھیلانے سے روکا جاسکتا ہے۔
گزشتہ ماہ سعودی عرب نے پہلی مرتبہ اسرائیل جانے والی بھارتی مسافر پروازوں کو سعودی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دی تھی۔
واضح رہے کہ وژن 2025 کے تحت سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بڑے اقدامات کیے جارہے ہیں ،جس کے باعث دھیرے دھیرے ایک روشن خیال سعودی عرب کا تاثر اجاگر ہو رہا ہے۔
سعودی عرب میں جہاں خواتین کے کردار کو نمایاں کیا جا رہا ہے وہیں سخت قوانین میں نرمی بھی لائی جا رہی ہے۔