کراچی / اسلام آباد: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کےرحجان میں اضافہ ہوا اور انڈیکس 400 سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد 46ہزار 400 کی حد پر پہنچا تاہم مارکیٹ مستحکم پوزیشن نہ رکھ سکی اور صرف 90 پوائنٹس اضافے پر بند ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے یعنی بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ٹریڈنگ کا آغاز مثبت رہا اور مارکیٹ تیزی کے بعد 448 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 46 ہزار 448 کی حد پر پہنچی۔
مجموعی طور پر سارا دن سرمایہ کاروں نے حصص کی لین دین میں دلچسپی ظاہر کی جس کے باعث مارکیٹ پہلے سیشن سے ہی مثبت رہی تاہم آخری سیشن میں ٹریڈنگ سست روی کا شکار ہوئی اور 90 پوائنٹس اضافے کے بعد مارکیٹ 46ہزار 104 پوائنٹس پر بند ہوئی۔
کاروبار کے دوران مجموعی طور پر 13 ارب 80 کروڑ روپے مالیت کے 27 کروڑ حصص کا لین دین ہوا، کل 371 کمپنیوں کے شیئر میں سے 201 کی قدر میں اضافہ، 151 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 19 کے ریٹ مستحکم رہے۔
حجم کے لحاظ سے کیمیکل کا شعبہ 5 کروڑ 47 لاکھ شیئرز کی لین دین کے ساتھ نمایاں رہا جبکہ بینکنگ اور سیمینٹ سیکٹر میں بھی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی۔