لندن: برطانوی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے یورپ کے انتہائی مطلوب شخص کو گرفتار کرلیا، ملزم جرائم کا ایک منظم گروہ چلاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ایک اہم کارروائی سامنے آئی جہاں یورپ کے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ ملزم رومانیہ میں منظم جرائم کا ایک نیٹ ورک چلاتا ہے اور انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 43 سالہ فلورین گینیا کو لندن کے شمال مغربی حصے سے حراست میں لیا گیا، رومانیہ کی پولیس گینیا کی تلاش میں تھی جبکہ گرفتاری برطانیہ میں عمل میں آئی۔
گرفتار ملزم پر الزامات ہیں کہ یہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث رہا اور رومانیہ کی خواتین کو اسمگلنگ کے ذریعے آئرلینڈ بھی پہنچاتا تھا اس کے علاوہ اس ملزم پر اپنے ایک حریف کے قتل کا الزام بھی ہے۔
لندن پولیس کی کارروائی‘ 9 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد
قبل ازیں 12 اپریل کو برطانوی دارالحکومت لندن کے برینٹ فورڈ نامی علاقے میں میٹروپولیٹن پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی اور ڈکیٹی میں ملوث 9 افراد پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر کے 2 خودکار پستول، 40 گولیاں، اور ہیروئن برآمد کی تھی۔
بعد ازاں میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان نے کہا تھا کہ مغربی لندن سے گرفتار ہونے والا گروہ شہر بھر میں منشیات فروشی اور راہزنی میں ملوث تھا، منشایات فروشی کے خلاف مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ پولیس نے یہ بھی کہا تھا کہ مذکورہ گروہ شہر کے کم عمر بچوں کو اپنے گروپ میں شامل کرتے تھے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال کیا جاسکے اور کسی کو شک نہ ہو، گرفتار ملزمان میں 6 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، جن کی عمریں 14 سال سے 49 سال تک ہیں۔