کراچی: سندھ پولیس نے شہر قائد میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث تین رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے، ملزمان بااثر سرکاری افسران کے بچے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے تھانہ زمان ٹاؤن کی پولیس نے دو درجن سے زائد اسٹریٹ کرائم اورڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تین نوجوانوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت عتیق، عدنان اور واصف کے ناموں سے ہوئی۔
ایس ایس پی کورنگی ساجد کے مطابق ملزمان پوش علاقوں میں کارروائیاں کرتے تھے اور انہوں نے سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے درخواستیں بھی دے رکھی تھیں، تینوں نوجوان بااثر سرکاری افسران کے بچے ہیں جنہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بدستور جاری
نمائندہ اے آر وائی نذیر شاہ کے مطابق ملزمان 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے 12 سے زائد تھانوں میں مقدمات درج کیے جاچکے ہیں، دو ملزمان سرکاری افسران جبکہ ایک نوجوان اعلیٰ پولیس افسر کا بیٹا ہے۔
آئی جی سندھ نے زمان ٹاؤن تھانے کو مذکورہ کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا مزید تنگ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ کئی روز سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئیں۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور بچوں کے اغوا پر اظہارِ تشویش
گزشتہ دنوں کراچی کے دورے پر آئے وزیراعظم عمران خان نے بھی کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور بچوں کے اغوا کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو مؤثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت دی تھی۔