گوجرانوالہ : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سے چھیڑ چھاڑ کرکے اپنی عوام کی توجہ اندرونی مسائل سے ہٹانا چاہتا ہے، سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت خوش آئند ہے۔
یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات میں کشمیر نہیں تو کوئی فائدہ نہیں۔
حکومت کو کشمیر سے متعلق بھارت سے کھل کربات کرنی چاہیے، سرحدوں پر بھارتی فوج چھیڑ چھاڑ کا مقصد یہ ہے کہ بھارتی عوام کی توجہ ملک کے اندرونی مسائل سے ہٹ جائے۔
سراج الحق نے کہا کہ سعودی عرب سی پیک کا حصہ بنے تو پاکستان کے لیے بہتر ہے، سی پیک میں سعودی سرمایہ کاری سے ہمارے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہنی مون بڑھتاجارہا ہے پہلے سو دن اب دو سال مانگ رہے ہیں، عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے امریکا سے بات کرنی چاہیے۔