کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی رپورٹ میں کہا گیا ہے سعودی بیل آوٹ پیکج کے بعد سرمایہ کار سرگرم نظر آئے، سعودی پیکج کے بعد مارکیٹ کپیٹلائزیشن میں660 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتےکےدوران100 انڈیکس میں 3.6فیصدکااضافہ ریکارڈ ہوا اور 100 انڈیکس 9 ہفتے کی بلند سطح 42004 کی سطح پر بند ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سعودی بیل آوٹ پیکج کے بعد سرمایہ کار سرگرم نظر آئے اور 8 ٹریڈنگ سیشن میں100 انڈیکس میں12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ہفتہ وار رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی پیکچ کے بعد مارکیٹ کپیٹلائزیشن میں 660 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور مارکیٹ کپیٹلائزیشن 7728ارب سے بڑھ کر 8388 ارب ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بینکنگ سیکٹر اور سیمنٹ سیکٹر کے شیئرز میں نمایاں اضافہ ہوا اور 2 کروڑ 6 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے گئے۔
دوسری جانب انٹربینک اور اوپن مارکیٹ نے بھی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے ، جس کے مطابق ایک ہفتے میں انٹربینک میں ڈالر10 پیسے مہنگا ہوا اور ڈالر 132.44 سے بڑھ کر 132.54 روپے پر بند ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر30 پیسے مہنگا ہوا، اوپن مارکیٹ میں ہفتے کے دوران ڈالر131.70 سے بڑھ کر 132 روپے کا ہوگیا۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان 5 روزہ دورے پر چین میں موجود ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سےمجموعی طورپر6ارب ڈالرملنے کا امکان ہے، چین کی جانب سے ڈیڑھ ارب گرانٹ اورڈیڑھ ارب قرضہ دیا جائے گا جبکہ سی پیک کیلئے 3ارب ڈالر اضافی ملنے کا امکان ہے۔
یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کے دورے میں سعودی عرب نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کیلئے بڑا پیکج دے کر پی ٹی آئی حکومت اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کیلئے بارہ ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب: پاکستان نے 12 ارب ڈالرز کا امدادیپیکج حاصل کرلیا
جس کے مطابق پاکستان کو تین ارب ڈالر ایڈونس دئیے جائیں گے ، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا، بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں بھی رکھے جائیں گے۔
معاہدے پر وزیرخزانہ اسدعمر اور سعودی وزیرخزانہ عبدالجدان نے دستخط کیے۔
وزیر اعظم کے کامیاب دورے میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ معدنی ذخائر کے شعبے کی ترقی کے لیے سعودی عرب کا وفد جلد پاکستان آئے گا جبکہ ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستانیوں کیلئے ویزا فیس کم کرنے کیلئے انھیں قائل کرلیا ہے۔