اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے میدانی، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں شدید دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں خشک سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق وسطی پنجاب اورپشاورڈویژن میں شاہراہوں پردھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہوئی ہے، موٹروے ایم ون پرشدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم فورپنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اورگوجرہ دھند کی وجہ سے بند ہے، ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند کردی گئی۔
ترجمان موٹروے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے پرسفر سے قبل موٹروے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق اگلے بارہ گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح اسلام آباد میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ لاہور4، کراچی 14 ڈگری سینٹی گریڈ کوئٹہ میں ایک، مری میں دو ڈگری جبکہ گلگت میں 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔