اوسلو : ناروے میں نامعلوم انتہا پسندوں نے اسلام مخالف نظریات کی بناء پر مسجد کو نذر آتش کردیا جس کے نتیجے میں مسجد کو شدید نقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق ناروے میں بھی دیگر یورپی ممالک کی طرح نسل پرست سفید فام انتہا پسندوں نے اسلام مخالف نظریات اور شدت پسندی کو پروان چڑھانے کےلیے مساجد کو نذر آتش کرنا شروع کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ناروے کے شہر ایجرسینڈ میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک مسجد کو آگ لگا کر شہید کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر شرپسندوں نے آگ لگائی، آتشزدگی کے سبب مسجد کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
پولیس نے آگ لگانے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاہم ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا گیا کہ شرپسند عناصر نے ہی مسجد میں آگ لگائی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ لگنے کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم عمارت کا بڑا حصہ آتشزدگی کی نظر ہوا، مقامی مسلمانوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں مساجد پر مسلح حملے کے بعد مسلمانوں کے خلاف یہ دوسری کارروائی ہے، گزشتہ ماہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں 49 مسلمان شہید ہوئے تھے۔