کراچی / اسلام آباد: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں 1 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں ایک ڈالر کمی ہوئی جس کے بعد قیمت 1415 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت 750 روپے اضافے کے بعد 83500 روپے جبکہ 10 گرام کی قیمت میں 643 روپے کے اضافہ کے بعد71587 روپے تک پہنچ گئی۔
جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق چاندی کی قیمت میں بھی دس روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد لین دین 930 روپے فی تولہ سے ہوئی۔
دوسری جانب امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر پاکستانی روپے پر حاوی ہو رہی ہے، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 19 پیسے مہنگا ہو گیا ہے، جس کے بعد ڈالر کی قیمت 160 روپے سے بھی تجاوز کرگئی۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں ڈالر 159.86 سے بڑھ کر 160.05 پر بند ہوا۔
علاوہ ازیں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ 300 پوائنٹس سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی مگر دوسرے سیشن میں خریداری کا رجحان رہا اور اختتام پر مارکیٹ 13 پوائنٹس اضافے سے 32 ہزار972 پوائںٹس کی سطح پر بند ہوئی۔