کراچی: وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ بارشوں سے سندھ میں 3 ہزار 871 ہیکٹر پر موجود فصلیں تباہ ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں بارشوں کے دوران فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیل سندھ حکومت نے جاری کردی۔ کپاس، چاول، گنا اور مرچوں سمیت دیگر سبزیوں اور فروٹ کو نقصان پہنچا۔
وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ 3 ہزار 871 ہیکٹر پر موجود فصلیں تباہ ہوئیں، کراچی میں 169 ہیکٹر پر سبزیوں اور کپاس کی فصل متاثر ہوئی۔
وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ خیر پور میں کھجور کے 170 ہیکٹر پر فصل متاثر ہوئی، شہید بینظیر آباد میں 24 سو ہیکٹر پر کپاس اور گنے کی فصل کو نقصان ہوا۔ سانگھڑ میں کپاس اور سبزیوں کی 42 سو ہیکٹر فصل کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹھٹھہ اور سجاول کے 27 سو ہیکٹر پر چاول کی فصل کو نقصان ہوا جبکہ جامشورو میں 52 سو ہیکٹر پر فصل کو نقصان پہنچا۔