بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

پاکستان اور چین کی بڑی ٹائر کمپنیوں نے معاہدے پر دستخط کردیے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان اور چین کی بڑی ٹائر کمپنیوں نے معاہدے پر دستخط کردیے، معاہدے کے تحت ٹائر بنانے کے لیے نئی کمپنی قائم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کی بڑی ٹائر کمپنیوں نے معاہدے پر دستخط کردیے۔ معاہدے کے تحت ٹائر بنانے کے لیے نئی کمپنی قائم کی جائے گی جس میں پاکستانی کمپنی 51 اور چینی کمپنی 49 فیصد کی حصے دار ہوگی۔ معاہدے کے تحت 25 کروڑ ڈالر کے منصوبے کا آغاز سندھ سے ہوگا، سندھ میں 10 کروڑ ڈالرکی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ چینی کمپنی کی طرف سے پہلی اور بڑی سرمایہ کاری ہے، پہلی سرمایہ کاری 10 کروڑ ڈالر ہے جو 25 کروڑ ڈالر تک جائے گی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت نے کہا کہ 70 فیصد مصنوعات برآمد اور 30 فیصد مارکیٹ میں فروخت ہوں گی، چین سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ یکم دسمبرسے لاگو ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ 13 نومبر کو پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جب حکومت سنبھالی معیشت کا برا حال تھا، گزشتہ 3 ماہ میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے اور ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ جس طرح کے تعلقات ابھی ہیں پہلے کبھی نہیں تھے، چین ہماری ہر طرح سے مدد کر رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم سرمایہ کاری کے لیے چین کی مدد کریں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب ٹائر مینوفیکچر ہوں گے جو پہلے اسمگل ہو کر آتے تھے، اس سے دو چیزیں ہوں گی، ایک تو ہمیں ٹائر درآمد نہیں کرنے پڑیں گے اور دوسرا ہماری برآمدات بڑھے گی جس سے ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوگا اور مہنگائی کم ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں