کراچی: تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ نے اپنے بھائی کی سالگرہ پر جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنا حقیقی ہیرو اور محافظ قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مہوش حیات نے گزشتہ روز اپنے بھائی دانش حیات کو انوکھے انداز سے سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام تحریر کیا۔
اداکارہ نے اپنے بھائی کو مخاطب کر کے لکھا کہ ’میں مسکراتی ہوں کیونکہ تم میرے بھائی ہو، تم ہی میرے حقیقی ہیرو ہو، جب میں جذباتی ہوتی ہوں تو تم سمجھ داری سے کام لیتے ہو‘۔
مہوش حیات نے لکھا کہ ’میری زندگی میں آنے والے تمام دکھ اور درد میں میرا ساتھ دینے پر تمھارا شکریہ، میں آج جو کچھ بھی ہوں اُس میں آدھی محنت تمھاری ہے کیونکہ تم میرے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہوئے اور میرا ساتھ دیتے رہے‘۔
مزید پڑھیں: ’بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے‘ مہوش اور احسن کی ویڈیو وائرل
اداکارہ نے خود کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں خوش نصیب ہوں کہ تم میرے بھائی، دوست اور میری زندگی میں شامل ہو، مجھے معلوم ہے تم اپنی چھوٹی بہن کے محافظ ہو، تمھارے اندر ذہانت، مہارت اور حیرت انگیز مزاح و ہنر ہے جو مجھے ہر بار حیران کردیتا ہے‘۔