کراچی: بلین مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی قیمت کم ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت 9 ڈالر کمی کے بعد 1571 پر پہنچ گئی، بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں مندی کے بادل چھائے رہے اور سرمایہ کاروں نے لین دین میں بہت زیادہ محتاط رویہ اختیار کیا۔
پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں کی سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں بالترتیب 450 اور 385 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آج 29 جنوری 2020 کے ریٹ
فی تولہ : -/91,050
دس گرام: -/78,060
حالیہ کمی کے بعد فی تولہ قیمت 91 ہزار 50 روپے جبکہ دس گرام 78 ہزار 60 روپے تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب پاکستان بھر کے صرافہ بازاروں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 1030 روپے پر مستحکم رہی۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی تمام صرافہ بازاروں میں سونے کے فی تولہ اور دس گرام سونے جبکہ چاندی کی خرید و فروخت نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔