کراچی: انٹرٹینمنٹ سے بھرپور پی ایس ایل 5 نے ملتان کا رخ کر لیا، پی ایس ایل کا دوسرا مرحلہ آج ملتان میں شروع ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ آج شام سات بجے شروع ہوگا، انٹرنیشنل ستاروں کی کہکشاں ملتان میں بھی جمگمائے گی، 12 سال بعد ملتان میں کرکٹ کی رونقین بحال ہو رہی ہیں، تاریخی میچ کے لیے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں تیاریں مکمل کر لی گئیں۔
بارہ سال بعد کرکٹ کی رونقیں بحال ہونے پر شایقین کرکٹ کا جوش و خروش بڑھ گیا ہے، شایقین کا کہنا تھا کہ انھیں اس وقت کا انتظار تھا، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کا میچ دیکھنے کے لیے بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں، ہوم ٹیم کے فینز کا کہنا تھا کہ امید ہے ملتان ٹیم میچ جیت جائے گی۔
جنوبی پنجاب کی شان ملتان سلطان کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم ہوم گراؤنڈ پر پشاور زلمی کو ٹف ٹائم دے گی، امید کرتا ہوں کہ تینوں دن گراؤنڈ ہاؤس فل ہوگا، ہوم کراؤڈ کو اچھا انٹرٹین کرنے کی کوشش ہوگی۔ پشاور زلمی نے بھی سلطانز کو ڈھیر کرنے کی حکمت عملی بنالی، زلمی کے نوجوان فاسٹ بولر عامر خان کہتے ہیں کہ پی ایس ایل بہترین فلیٹ فارم ہے، حسن علی اور وہاب ریاض سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اب تک اپنا ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔
پی ایس ایل فائیو، پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست
دونوں ٹیموں کے چند کھلاڑی کسی بھی وقت اپنی ٹیم کے حق میں بازی پلٹ سکتے ہیں، ملتان سلطانز کے شان مسعود اگر کچھ کر دکھانے کو بے تاب ہیں تو معین علی، جیمز ونس اور رائلی روسو کی اسٹار پاور ملتان کو میچ جتوا سکتی ہے، لاکھوں دلوں کی جان شاہد خان آفریدی بھی ہیں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ دوسری طرف زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کامرن اکمل بھی خوب چھکے لگاتے ہیں، زلمی کے پاس ٹام بینٹن اور لیونگسٹن جیسے خطرناک کھلاڑی بھی موجود ہیں، بولنگ میں زلمی کی امیدیں تیز رفتار وہاب ریاض اور حسن علی سے وابستہ ہیں۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے دوسرے مرحلے کے لیے ٹیمیں اسلام آباد اور ملتان پہنچنا شروع ہو گئی ہیں، دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز نے اسلام آباد میں ڈیرے ڈال لیے، دونوں ٹیمیں کل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی۔
ملتان میں پی ایس ایل فائیو کے میچز کی میزبانی کے لیے سیکورٹی پلان بھی جاری کیا جا چکا ہے، سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں 3 ہزار سے زائد پولیس افسران ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو فور ٹیئر سیکورٹی پروسس سے گزارا جائے گا۔ ٹکٹ رکھنے والے افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی، کسی بھی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے 12 عدد واک تھرو گیٹس، 48 میٹل ڈیٹیکٹرز کے ساتھ تلاشی لی جائے گی۔