کراچی: شہر قائد کے علاقے گلبہار میں گرنے والی عمارت کے بلڈر کو پنجاب سے گرفتار کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلبہار میں گرنے والی عمارت کے بلڈر جاوید کو پنجاب سے گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد سے جاوید بلڈر مفرور تھا۔
پولیس کے مطابق جاوید بلڈر جاوید چیف کے نام سے جانا جاتا تھا، جاویڈ بلڈر نے غیرقانونی طور پر رضویہ میں عمارت تعمیر کی تھی، حادثے کے وقت جاوید چیف بھی بلڈنگ میں فیملی کے ساتھ موجود تھا، حادثے میں جاوید کے علاوہ اس کا بیٹا بھی شدید زخمی ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاوید بلڈر کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، وہ اسپتال سے پنجاب فرار ہوگیا تھا، ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ٹیکنیکل سہولیات کی بنا پر ملزم کو ٹریس کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی، عمارت گرنے کا واقعہ، ایس بی سی اے کے 3 افسران گرفتار
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم جاوید چیف کو آج رات کراچی منتقل کیا جائے گا، واضح رہے کہ گلبہار میں عمارت گرنے کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ گلبہار سانحے میں 27 افراد کی اموات کے بعد پولیس نے ایس بی سی اے کے تین افسران کو اعانت کرنے کے جرم میں گرفتار کیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار افسران میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز بھی شامل ہیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مقصود قریشی، بلڈنگ انسپکٹر عرفان علی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔