کراچی: پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے سجل علی کے لیے جذباتی پیغام لکھ کر اُن سے اپنی محبت کا اظہار کردیا۔
پاکستانی اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر جلد ازدواجی بندھن میں بندھنے جارہے ہیں، دونوں اداکاروں کی شادی کی تقریبات بھی شروع ہوچکی جبکہ دلہا دلہن نے مہمانوں کو مدعو کرنے کے لیے کارڈ تقسیم بھی کرنا شروع کردیے۔
سجل اور احد کو اُن کے دوستوں کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں اور سب دعا گو ہیں کہ دونوں کا شروع ہونے والا سفر تاحیات قائم رہے اور یہ ہنسی خوشی بسر ہو۔
سجل علی کی قریبی دوست اور ساتھی اداکارہ زارا نور عباس نے انسٹاگرام پر اپنی دوست کے لیے دلچسپ اور پیار بھرا پیغام شیئر کیا۔
زارا نے سجل کے ساتھ گزری تلخ و شیریں یادوں کا ذکر کیا اور اپنی دوست کے لیے نیک خواہش کا اظہار کیا۔ اداکارہ نے پوسٹ کے ساتھ ویڈیو اور تصاویر بھی شیئر کیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’میری اور سجل کی دوستی ایک دہائی کے طویل عرصے پر مشتمل ہے، اس دوران ہم نے خوشی اور غم کے لمحات ایک ساتھ گزارے، میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ نوجوان و معصوم سی لڑکی ایک پروقار خاتون میں تبدیل ہوکر اتنی جلدی اپنی زندگی کے بہترین فیصلے کرنے کے قابل ہوجائے گی‘۔
زارا نے سجل کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’تمھیں کسی کے ساتھ شیئر کرنا میرے لیے بہت مشکل ہے، اپنے شوہر کو بتادینا کہ تم پہلے میری ہی رہوگی‘۔
انہوں نے بالی ووڈ فلم کا ڈائیلاگ لکھا اور سجل کو کہا ’جا سمرن جا، جی لے اپنی زندگی‘۔