کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 45منٹ کے ہالٹ کے بعد شدید مندی ریکارٖڈ کی گئی، 100انڈیکس 1700 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 35ہزار956پوائنٹس پر بند ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے چوتھے روز کاروبار کے آغاز میں منفی رحجان دیکھا گیا اور آغاز میں 100 انڈیکس میں 760 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ہی 37ہزار پوائنٹس کا لیول ٹوٹ گیا۔
کاروبار کے دوران 100انڈیکس میں 1324 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ، جس کے بعد 100 انڈیکس 36 ہزار 348 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث کاروبار45 منٹ کیلئے روک دیاگیا ، کے ایس ای 30انڈیکس میں 4فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 45منٹ کےہالٹ کے بعد مندی کا رجحان برقرار ہے ، 100انڈیکس میں 1716 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس میں 36 ہزارپوائنٹس کا لیول برقرار نہ رہ سکا اور 35ہزار956پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج کی مندی 11جولائی 2017 سے اب تک کی سب سے بڑی ہے ، 11جولائی 2017 کواسٹاک مارکیٹ میں4.65فیصدکمی ہوئی تھی۔
خیال رہے مارکیٹ ہالٹ ہفتے میں دوسری بارلگایاگیا ہے ، اس سے قبل 9 مارچ کو بھی اسٹاک مارکیٹ کے 100انڈیکس میں 2100 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد بینچ مارک انڈیکس 36ہزار 113پوائنٹس پر آگیا تھا اور کاروبار کے دوران 5 فیصد سے زائدکمی پر ٹریڈنگ 45منٹ کے لیے روک دی گئی تھی۔
گذشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 38ہزار 200پوائنٹس کی سطح عبورکرگیا تھا۔
دوسری جانب ایشیائی حصص بازاروں میں مندی کا رحجان برقرار ہے ، جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں883 پوائنٹس، ہانگ کانگ انڈیکس میں844 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ تمام چینی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی لپیٹ میں ہیں۔
مزید پڑھیں : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس 38ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا
گزشتہ روز امریکی اسٹاک مارکیٹس کااختتام بھی زبردست مندی میں ہوا، ڈاؤجونزانڈیکس میں 1464پوائنٹس، نیسڈیک میں 392 پوائنٹس کی کمی ہوئی، اسی طرح تمام یورپی منڈیوں کا اختتام بھی مندی پر ہوا، برطانوی اسٹاک مارکیٹ میں 84 پوائنٹس کی کمی، فرانسیسی مارکیٹ میں 26 پوائنٹس کی کمی جبکہ جرمن مارکیٹ میں37 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔