اشتہار

کرونا وائرس نے یورپ کو بھی اپنی لپیٹ میں لےلیا

اشتہار

حیرت انگیز

برسلز : کرونا وائرس نے چین کے بعد یورپ میں پنجے گاڑنا شروع کردئیے، یورپ بھر میں نئے وائرس COVID 19 سے متاثرہ مریضوں کی اموات میں اضافہ ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق چین سے شروع ہونے والے مہلک ترین وائرس کرونا نے پوری دنیا میں تباہی مچادی، چین کے بعد یورپی ممالک سب سے زیادہ کرونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں جس کی روک تھام کےلیے یورپ کی معیشت بھی بحران کا شکار ہورہی ہے۔

یورپی ممالک میں سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں مزید 189 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی تعداد 1 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔

- Advertisement -

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اٹلی میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 113 ہوگئی۔

اسپین میں وائرس سے اب تک 86 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، متاثرین کی تعداد 3 ہزار 186 ہوگئی ہے جبکہ فرانس میں وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 876 اور ہلاکتیں 61 ہوگئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سوئزرلینڈ میں کرونا وائرس نے 7 افراد کو لقمہ اجل بنا دیا، اس کے علاوہ آسٹریا، ڈنمارک، سوئیڈن، ناروے، نیدرلینڈ اور یونان سمیت کئی یورپی ممالک میں کرونا کے کیسز سامنے آچکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فرانسیسی صدر نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے ملک بھر میں اسکولوں سمیت تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی صدر نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو صدی کی بدترین وبا قرار دیتے ہوئے بتایا ملک میں پبلک ہیلتھ کی صورت حال انتہائی خراب ہے۔

مہلک ترین وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں 134،769 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ 4،983 افراد مرچکے ہیں۔

اس کے تیزی سے پھیلاؤ کو روکنے میں میڈیکل ٹیمیں تاحال ناکام ہیں تاہم حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ صحت یابی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب تک 70،387 افراد اس مہلک وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں