کراچی : سندھ حکومت کی جانب سے کرونا ریلیف فنڈ کے لیے کابینہ ارکان اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کابینہ ارکان اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ، جس میں کہا گیا تمام کابینہ اراکین کی ایک ماہ کی تنخواہ کرونا ریلیف فنڈ میں دی جائےگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 22 کے تمام افسران کی بھی ایک ماہ کی تنخواہ فنڈ میں دی جائےگی جبکہ گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہ سے 5 فیصد، گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک کے افسران کی تنخواہ سے 10 فیصد اورگریڈ 21 کے افسران کی تنخواہ سے 25 فیصد کٹوتی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کٹوتی مارچ 2020 کی تنخواہوں میں سے کی جائے گی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت کرونا وائرس پر اجلاس ہوا تھا ، جس میں بیس لاکھ راشن بیگ عوام میں تقسیم کرنےکا اعلان کیا گیا ، راشن بیگ میں چاول،آٹا،گھی،چینی،چائے،دال اور مصحالے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ نے 3 ارب کا کرونا ریلیف فنڈ قائم کردیا
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کا پھیلاؤ کنٹرول کیا ہے ، صرف کم سے کم سفر اور مسلسل اسکریننگ سےکورونا وائرس کو روکا جاسکتا ہے۔
یاد رہے دو روز قبل وزیراعلیٰ سندھ نے 3 ارب روپے کا کرونا ریلیف فنڈ قائم کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابینہ ارکان، پی پی ایم پی ایز ایک ماہ کی تنخواہ جمع کرائیں گے۔
خیال رہے پاکستان میں کرونا وائرس سے دو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ، ایک مریض سعودی عرب سے اور دوسرامریض ترکی سےبراستہ دبئی وطن لوٹاتھا۔
کراچی میں کروناوائرس کے مزید تین کیسزرپورٹ ہوئےہیں ، جس کے بعد مریضوں کی تعداداُنسٹھ ہوگئی جبکہ سندھ بھرمیں مریضوں کی تعداد دوسوگیارہ تک پہنچ گئی ہے۔