لاہور: ٹورنٹو سے آنے والے پی آئی اے کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 2 پائلٹس اور ایک ایئرہوسٹس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، باقی 2 ملازمین میں آج کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا متاثرہ عملہ لاہور کے اسپتال میں زیرعلاج ہے۔
پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ پی آئی اے کا فضائی عملہ قومی ہیروز ہیں جو خطرات کے باوجود بیرون ملک بے یارو مددگار ہم وطنوں کو واپس لانے کے لیے مستعد اور سرگرم ہے۔
مزید پڑھیں: پائلٹس کے بعد پی آئی اے کی ایئرہوسٹس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ہر قومی خدمت میں ایک قدم آتے کھڑی ہوتی ہے جب بھی ملک کو ضرورت پڑی پی آئی اے تمام وسسائل بروئے کار لاتے ہوئے خدمات سر انجام دیتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کے پائلٹس کے بعد ایک ایئرہوسٹس میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد متاثرہ ایئرہوسٹس کو ایکسپو سینٹر لاہور قرنطینہ منتقل کردیا گیا تھا۔
یاد رہے قومی ائیرلائن ( پی آئی اے ) کے دو پائلٹس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ،دونوں پائلٹ گزشتہ روز ٹورنٹو سے لاہور آئے تھے، متاثرہ پائلٹس کو اسپتال کےآئیسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔