جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

سکریٹری وزارت سمندری امور کے 3 عہدوں کے خلاف درخواست دائر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سکریٹری وزارت سمندری امور رضوان احمد کے 3 عہدوں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق میری ٹائم افیئر کی وزارت کے سیکریٹری کے تین عہدوں کے خلاف شہری ارشد محمود بٹ کی جانب سے راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے رٹ کو وارنٹو دائر کر دی ہے۔

درخواست میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور سیکریٹری سمندری امور کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری کے عہدے کے ساتھ رضوان احمد چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ٹرسٹی کا عہدہ بھی رکھتے ہیں۔

درخواست کے مطابق سیکریٹری 3 عہدوں کی تنخواہیں اور مراعات بیک وقت حاصل کر رہے ہیں، جس سے ہر سال 7 ملین روپے کی رقم کا بوجھ قومی خزانے پر غیر ضروری طور پر پڑ رہا ہے، قانون کے تحت سیکریٹری میرین ٹائم کو 3 عہدے رکھنے کا اختیار نہیں ہے، ایک ہی وقت میں 3 کلیدی عہدے آئینی طور پر کوئی نہیں رکھ سکتا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری لگاتار کے پی ٹی بورڈ آف ٹرسٹیز کے 20 اجلاسوں میں شرکت کرنے میں ناکام رہے، نتیجے میں سیکریٹری کی ممبر شپ معطل رہی، سیکریٹری نے بعد میں غیر قانونی طریقے سے مداخلت کی اور ٹرسٹ کے اجلاسوں میں بطور ممبر بیٹھے رہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا سمندری امور کے وزیر سے بھی اس سلسلے میں رجوع کیا گیا تھا لیکن توجہ نہیں دی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے حکومت کو براہِ راست ایک نیا چیئرمین مقرر کرنے کی ہدایت کی جا سکتی ہے، انصاف کے مفاد میں میری درخواست سنی جائے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے وصول کر لی ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں