اشتہار

طیارہ حادثے پر تعزیت: ’یہ قومیت کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: پاکستان میں پیش آنے والے اندوہناک طیارے حادثے پر ہر شخص کا دل غمزدہ ہے، بالی ووڈ کے دو معروف اداکاروں نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک روز قبل پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر بھارت کے لیجنڈری اداکار شترو گھن سنہا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’طیارہ حادثے کی خبر سُن کر میں افسردہ ہوگیا، میری دلی ہمدردیاں اُن تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں جن کے پیارے اس حادثے میں کھو چکے ہیں‘۔

- Advertisement -

انہوں نے لکھا کہ ’میں دعا گو ہوں کہ جو لوگ اس واقعے میں زخمی ہوئے اور جنہیں ریکسیو کیا گیا اللہ انہیں جلد صحت یاب کرے اور وہ دوبارہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹ آئیں‘۔

بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ آبادی والے علاقے میں گر کر تباہ ہونے والی طیارے کی خبر میرے لیے ناقابل یقین ہے، میری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور لکھا کہ ’یہ قومیت کا نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے‘۔

مزید پڑھیں: طیارہ حادثے میں جاں بحق پاکستانی ماڈل سے ارطغرل کی حلیمہ نے معذرت کرلی

یاد رہے کہ لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 8303 میں 90 مسافر اور 8 کریئو ممبران شامل تھے، پائلٹ نے طیارے کی باحفاظت لینڈنگ کے لیے ہر ممکن کوشش کی مگر بدقسمت طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی کے آبادی والے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ کے انجن سے دھواں اٹھ رہا تھا اور وہ مکان کی چھت سے ٹکرایا تھا ۔ حادثے میں دو مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ بقیہ 96 مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ  واقعے میں علاقہ مکینوں کی اموات بھی ہوئیں اور پانچ گھر مکمل تباہ جبکہ متعدد متاثر بھی ہوئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں