اسلام آباد: حکومت پاکستان نے نیشنل سیونگ اسکیم سرٹیفکیٹ کےمنافع کی شرح مزید کم کردی، نئے ریٹ کا اطلاق آج سے نئی سرمایہ کاری پر اطلاق ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قومی بچت اسکیموں کےشرح منافع میں مزید کمی کر دی گئی اور اس حوالے سے وزارت خزانہ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ نئے ریٹ کا اطلاق 2 جون 2020 سے نئی سرمایہ کاری پر ہوگا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈیفنس سرٹیفیکیٹ میں شرح منافع میں 0.49 فیصد کی کمی کردی گئی ہے، جس کے بعد ڈیفنس سرٹیفکیٹ کا نیا شرح منافع 8.05 فیصد ہوگیا ہے۔
حکومت کی جانب سے بہبود اور پنشن سرٹیفکیٹ پرمنافع کی شرح 0.48فیصدکم کرکے 9.84 فیصد اور سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 0.50 فیصد کم کرکے 6.50 فیصد کردی گئی۔
نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا کہ اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر منافع 0.90 فیصد کم کرکے 7.10 فیصد کردیاگیا ہے جبکہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پرمنافع کی شرح 0.84 فیصدکم کرکے7.44 فیصدکردی گئی ہے۔
ادارہ قومی بچت کا کہنا ہے کہ شہدا فیملی ویلفیئر اکاونٹ کی شرح منافع 9.84 فیصد کر دی گئی، اس سے پہلے شہدا ویلفیئر اکاونٹ کی شرح منافع 10.32 فیصد تھی جبکہ پینشن بینیفٹ اکاؤنٹ کی شرح منافع بھی 9.84 فیصد مقرر کردی۔