لاہور: صوبائی حکومت پنجاب نے وفاق سے اپنے واجب الادا فنڈ کے حصول کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مالی بحران پر پنجاب کو وفاق سے 1 کھرب 21 ارب روپے ملنے تھے تاہم یہ واجب الادا فنڈ تاحال نہ ملنے پر بزدار حکومت نے وفاق سے اس کے حصول کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر خزانہ اور سیکریٹری خزانہ آئندہ ہفتے اعلیٰ حکام سے اس سلسلے میں ملاقاتیں کریں گے۔
نئے مالی سال میں پنجاب نے وفاق سے ملنے والے واجب الادا فنڈز بھی کم مختص کیے ہیں، ایک سو 21 ارب کی بجائے نئے مالی سال میں صوبے کو 21 ارب کی واجب الادا رقم ملنے کا امکان ہے۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ وفاق نے پنجاب کے واجب الادا فنڈز میں 100 ارب روپے کا کٹ لگا دیا ہے، نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں 40 ارب روپے میں سے 10 ارب ملنے کا امکان ہے، گندم خریداری اور مارک اپ پر 31 ارب روپے کا تخمینہ بھی کم کر دیا گیا ہے۔
وفاقی بجٹ ہیلتھ سسٹم کی بجائے اپنے اراکین اسمبلی کے لیے لایا گیا: بلاول کی تنقید
لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے 13 ارب روپے کا تخمینہ بھی کم کیا گیا ہے، راولپنڈی میٹرو بس پر 5 ارب روپے میں سے 2.5 ارب روپے ملنے کا امکان ہے، ورکرز ویلفیئر فنڈ اور گندم پر وفاقی شیئر کی مد میں بھی مختص واجب الادا رقم نہیں مل سکی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وفاقی بجٹ میں صوبوں سے نا انصافی کی گئی ہے، سندھ کو 229 ارب کم دیے جا رہے ہیں، پنجاب سے بھی بجٹ میں کٹوتی کی گئی، ٹڈی دل کے مسئلے کو بھی نظر انداز کیا گیا، این ایف سی میں صوبوں کو پورا حصہ دیا جائے۔