سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی سب سے بڑی کمپنی فیس بک نے اپنی زیر ملکیت کمپنیوں واٹس ایپ اور انسٹاگرام کے میسنجر کو ایک ہی کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی سب سے بڑی ایپلیکیشن واٹس ایپ پر خصوصی نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے تکنیکی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز کو ایک ہی میسنجر پر ضم کردیا جائے گا۔
آزاد ڈویلپر نے بتایا کہ فیس بک اپنی زیر ملکیت تمام ایپس کا انضمام کرنے کا جلد ارادہ رکھتی ہے اس ضمن میں کام شروع کردیا گیا ہے اور جلد ہی اس کی آزمائش بھی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: اینڈرائیڈ صارفین ہوجائیں ہوشیار!
ڈبلیو اے بیٹا انفو نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ میسنجر کے انضمام کے علاوہ فیس بک دیگر اہم اقدامات بھی اٹھائے گی۔
فیس بک کی اس تبدیلی کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ کمپنی کی خواہش ہے کہ صارف ایک ہی نمبر سے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ استعمال کرے تاکہ اُسے اور کمپنی کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک کا موبائل صارفین کے لیے خاموشی سے بڑا سرپرائز
فیس بک میسنجر کے مقابلے میں واٹس ایپ کو صارفین زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں کیونکہ پیغام رسانی کی سب سے بڑی ایپلیکیشن کے صارفین کی چیٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ (خفیہ کردہ) کا فیچر موجود ہے جبکہ فیس بک صارفین کو یہ سہولت میسر نہیں ہے۔