اشتہار

کراچی سے بھارتی ایجنسی "را” سلیپر سیل کا اہم رکن گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے کراچی سے "را” سلیپر سیل کا اہم رکن ظفر گرفتارکرلیا، ملزم ظفر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور اس کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہ نواز شاہ کے مطابق ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ایجنسی "را” سلیپر سیل کا اہم رکن ظفر گرفتار کرلیا، ملزم ظفر بم دھماکوں،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے بھارت میں چودہ ماہ دہشت گردی کی ٹریننگ لی، ملزم ظفر کو دہلی میں محمود صدیقی گروپ نے عسکری تربیت دلوائی۔

- Advertisement -

حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزم ظفر کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، گرفتار ملزم بم بنانے اور جدید ہتھیار چلانے کا ماہر ہے جبکہ ظفر فائر بریگیڈ میں سرکاری ملازمت بھی کرتا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا بھی پردہ چاک ہوا ، را سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکسچینج کمپنی کے دو ملزمان بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم صفیان منی ایکسچینج کمپنی کا ڈائریکٹر اور جاوید میمن منیجر ہیں، حوالہ ہنڈی کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو رقم فراہم کی جا رہی تھی، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تفصیلات ملک کے تمام ایئرپورٹس پر فراہم کردی گئی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کو سوک سینٹر، لیاقت آباد اور خالد بن ولید روڈ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں