راولپنڈی: احتساب عدالت نے پارک لین کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری پر فرد جرم کی تاریخ مقرر کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت نے پارک لین کیس میں نامزد ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جو تین صفحات پر مشتمل ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پارک لین کیس میں نامزد سابق صدر آصف زرداری سمیت9 ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، آصف زرداری پربلاول ہاؤس کراچی میں ویڈیولنک پر فردجرم عائد کی جائے گی۔
حکم نامےمیں بتایا گیا ہے کہ انورمجید پرکراچی کے اسپتال سےویڈیولنک کےذریعے فردجرم عائد کی جائے گی جبکہ دیگر ملزمان فاروق عبداللہ، حنیف، سلیم فیصل گھر اور اقبال خان، حسین لوائی و دیگر ملزمان اڈیالہ جیل سے بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم سنیں گے۔
مزید پڑھیں: پارک لین ریفرنس ،آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد، فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
عدالت نے تمام ملزمان کی حاضری کو یقینی بنانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ رجسٹراریا اُن کےنامزد کردہ مجاز افسران ملزمان کی شناخت بھی کریں۔
عدالت نے آصف زرداری کی جانب سے ریفرنس خارج کرنے کی درخواست کو مسترد بھی کیا اور تحریری فیصلے میں لکھا کہ عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق درخواستیں بھی خارج کی جاتی ہیں۔