اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 ہفتے کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد اوسطاً 2 فیصد سے کم تھی، کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ 6 ہفتے کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد اوسطاً 2 فیصد سے کم تھی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پچھلے ہفتے کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 2 فیصد سے زائد رہی۔
6 ہفتے اوسط قومی سطح پر پوزیٹیویٹی 2٪ سے کم رہنے کے بعد پچھلے ہفتے 2٪ سے زیادہ رہی. کراچی، اسلام آباد، آزاد کشمیر میں منی سمارٹ لوک ڈاؤن دوبارہ نافذ. ملک بھر میں انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے. لیکن کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے
— Asad Umar (@Asad_Umar) October 11, 2020
انہوں نے کہا کہ کراچی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت دیگر شہروں میں منی اسمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کردیا گیا ہے، ملک بھر میں انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 932 ہوچکی ہے جن میں سے 8 ہزار 904 فعال کیسز ہیں۔
کرونا وائرس سے 6 ہزار 570 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 3 لاکھ 3 ہزار 458 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔