اشتہار

ویکسین کی ہنگامی منظوری کے لیے فائزر کو کیا کرنا ہوگا؟

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکا کی بڑی دوا ساز کمپنی فائزر اپنی مجوزہ کورونا ویکسین کی ہنگامی منظوری کے لیے درخواست دے گی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی دوا ساز کمپنی فائزر کا کہنا ہے کہ ویکسین کی ہنگامی اجازت کی درخواست دینے کے لیے بظاہر تیار ہیں، یہ ویکسین کورونا وائرس کے خلاف 95 فیصد موثر پائی گئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے اگلے کئی دنوں میں ہنگامی اجازت لینے کے لیے ویکسین کے محفوظ ہونے سے متعلق مطلوبہ اعدادو شمار موجود ہیں۔

- Advertisement -

ایف ڈی اے ممکنہ اجازت سے قبل ویکسین پر تبادلہ خیال کے لیے مشاورتی اجلاس طلب کرے گی، ایک سینئر عہدیدار نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ اس عمل میں کئی ہفتوں کا وقت لگے گا۔

یہ پڑھیں: بڑی خوشخبری؛ ایک اور کرونا ویکسین تیار

فائزر نے گزشتہ دنوں 40 ہزار سے زائد افراد پر ویکسین کی آزمائش کے حتمی تجزیے کا اعلان کیا تھا جن میں سے 170 افراد میں کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی تھی، ان میں سے 8 وہ رضاکار کورونا سے متاثر ہوئے جن کو اصل ویکسین دی گئی جبکہ بقیہ 162 متاثرین کو بغیر اثر والی دوائی دی گئی تھی۔

کمپنی کے مطابق جن 10 افراد میں بیماری کی شدید علامات پیدا ہوئیں ان میں صرف ایک کو یہ ویکسین دی گئی تھی۔

فائزر کا کہنا ہے کہ ویکسین لگوانے والے افراد میں قابل ذکر خدشات کی کوئی اطلاع نہیں ملی، کمپنی کے مطابق 3.8 فیصد شرکا کو تھکاوٹ اور 2 فیصد کو سردرد کی شکایت ہوئی لیکن یہ دونوں شکایات ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے بعد سامنے آئیں۔

واضح رہے کہ فائزر جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے ساتھ مل کر یہ آزمائشی ویکسین تیار کررہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں