استنبول: ترکی نے کرونا ویکسین حاصل کرنے کے لیے امریکی کمپنی سے معاہدہ کی کوشش کی جس میں کامیابی ملنے کا امکان ہے۔
ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی کے وزیر صحت فخرالدین قوجا نے کہا کہ کوویڈ ویکسین تیار کرنے والی کمپنی بائیو این ٹیک کے ساتھ ویکسین کے حوالے سے معاہدہ طے پانے کے قریب پہنچ گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ معاہدے پر دونوں فریقین نے رضامندی ظاہر کرکے کل رات ساڑھے چار بجے دستخط کردیے، جس کے مطابق سال 2020 کے لیے مختص کردہ پانچ لاکھ 50 ہزار خوراکیں ہمارے پاس موجود ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ویکسین کے موجد پروفیسر ڈاکٹر اعور شاہین نے بھی آگاہی فراہم کی اور بتایا کہ موجودہ مقدار ختم ہونے کے بعد آئندہ سال جنوری کے آغاز پر مزید خوراکیں ترکی پہنچا دی جائیں گی‘۔
مزید پڑھیں: ترکی کس سے 1 کروڑ سے زائد کرونا ویکسین خریدنے جارہا ہے؟
انہوں نے بتایا کہ ’آئندہ سال مارچ تک ہمیں ویکسین کی 45 لاکھ خوراکیں فراہم کی جائیں گی، معاہدے کی رو سے بائیو این ٹیک ترکی کو تین ارب خوراکیں فراہم کرے گی‘۔
ویکسین ترکی نہ پہنچنے کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ ’کمپنی کو ویکسین کی تیاری کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے کیونکہ اُن کے پاس دنیا بھر سے بڑے پیمانے پر آرڈر آئے ہیں جس کا ہمیں بھی احساس ہے، مستقبل میں کمپنی ترجیحی بنیاد پر ترکی کو ویکسین فراہم کرے گی‘۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ’شہریوں کو ویکسین لگانے سے قبل اُس کے ممکنہ اثرات بتائے جائیں گے جبکہ مکمل آگاہی بھی فراہم کی جائے گی، رضامند ہونے والے شہریوں کے علاوہ کسی کو بائیو این ٹیک کی ویکسین نہیں دیں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا ویکسین، ترک صدر نے بڑی خوش خبری سنادی
واضح رہے کہ امریکی کمپنی فائزر اور بائیو این ٹیک سے تیار کی جانے والی ویکسین میں ترک ڈاکٹر جوڑے نے بھی خدمات انجام دیں، جس پر وزیرخارجہ نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی تھی۔ ڈاکٹر اعور شاہین ترکی کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے کافی سرگرم تھے جس میں انہیں کامیابی ملی اور دونوں فریقین نے معاہدے پر دستخط کیے۔