لاہور: کوٹ لکھپت میں ہاؤسنگ سوسائٹی میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں ہاؤسنگ سوسائٹی میں مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے 5 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، فوری طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
مزید پڑھیں: اوکاڑہ، زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اوکاڑہ شہر میں نیشنل ہائی وے گیمبر اڈا کے قریب نواحی گاؤں میں ایک مکان کی چھت گر گئی تھی، ملبے میں دب کر 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا تھا کہ ملبے تلے دبی لاشیں نکال لی گئی ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا تھا کہ مکان زیر تعمیر تھا اور چھت پر ملبہ رکھا ہوا تھا جس کا لوڈ چھت برداشت نہ کر سکی اور گر گئی۔